22 December 2017 - 23:35
News ID: 432365
فونت
پاکستان:
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت بدلنے والا کوئی منصوبہ قبول نہیں اور حالیہ دھمکیوں کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
پاکستان کا پرچم

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے غیر معمولی ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق قرارداد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلسطین اور ان کے جائز مطالبات کے حق میں ہیں، فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہےاور ہم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ملیحہ لودھی نے زور دیا کہ 2 ریاستی حل کے علاوہ فلسطینیوں کو کوئی فیصلہ قبول نہیں ہوگا، دارالحکومت القدس کے ساتھ آزاد خود مختار فلسطین ہی مشرق وسطیٰ امن کے لئے ضروری ہے اور اس کے علاوہ کوئی منصوبہ قابل قبول اور قابل عمل نہیں ہوگا۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ امریکی امداد اپنے مفادات کیلیے ہوتی ہے وہ مفت میں امداد نہیں دیتا،پاکستان نہ پیسوں کا بھوکا ہے اور نہ ہی دھمکیوں سے ڈرتا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو دنیا کی پارلیمنٹ کہا جاتا ہے، اگر دنیا کی پارلیمنٹ میں امریکا کیخلاف ووٹ پڑا ہے تو یہ امریکا کیلیے ٹھوس پیغام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر پارلیمنٹ اور سینیٹ کی ترجمانی کی۔

ادھر اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ امریکا اپنا سفارتخانہ یروشلم میں منتقل کرے گا اور ووٹنگ سے امریکی فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک نے ہماری امداد اور اثرور سوخ سے فائدہ اٹھایا ہے، آج کے دن امریکا کے خلاف ووٹ دے کر امریکی رسوائی کرنے والوں کو امریکا یاد رکھے گا۔

واضح رہے کہ کل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے امریکی فیصلہ مسترد کردیا اوررکن ممالک نے قرارداد کی حمایت میں ووٹ دے دیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬