رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے ایران مخالف تازہ ترین دعووں کے جواب میں جو انہوں نے امریکی جریدے ٹائم سے اپنے انٹرویو میں کئے ہیں کہا کہ اس ناتجربہ کار اور اقتدارکے بھوکے شخص نے تاریخی حقائق اور گذشتہ ستّر برس سے بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کے جرائم سے اپنی آنکھ بند کرلی ہے اور فلسطینی امنگوں کے ساتھ غداری کرکے غیر قانونی غاصب صیہونی حکومت کو تسلیم کرنے کی بات کر رہا ہے۔
سعودی ولیعہد نے امریکی جریدے ٹائم کو دیئے گئے اپنے تازہ انٹرویو میں ایران کو اسرائیل اور سعودی عرب کا مشترکہ دشمن قراردیا تھا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی حکومت کی حالیہ پالیسیاں ایک انتہائی غم انگیز المیہ ہے کہ اسلامی ملکوں نے اپنے ان تمام تر طمطراق دعوؤں کے باوجود خود کو بیت المقدس کی غاصب اور جعلی حکومت کی سطح تک گرادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی حقائق سے چشم پوشی کرنے والوں کا مقدر ذلت و رسوائی کے سوا اور کچھ نہیں ہوگا اور سعودی حکام کے اس قسم کے اقدامات سعودی عرب کی پیشانی پر بدنما داغ ثابت ہوں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰