02 May 2018 - 12:50
News ID: 435778
فونت
انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے کہا کہ شہداء کشمیر کا خون دیر یا سویر ضرور رنگ لاکر بھارتی جبر و تشدد کے خاتمے پر منتج ہوگا۔
 کشمیر

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرہ ارض پر ہمہ گیر اسلامی انقلاب اور نظام عدل کے نقیب حضرت ولی عصر امام مہدی (عج) کے یوم ولادت باسعادت اور شب برأت کے سلسلے میں جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مساجد اور امام بارگاہوں میں اس سلسلے میں پُررونق محافل کا انعقاد ہوا۔ اس سلسلے میں نوگام سمبل میں ایک پُروقار جلوس میلاد ولی عصر (عج) برآمد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔

جلوس میلاد میں جو مقتدر علماء دین شامل رہیں، اُن میں مولانا سید محمد حسین موسوی، مولانا سید یوسف موسوی ، مولانا حاتم علی میر، مولانا آغا سید احمد الموسو ی الصفوی، مولانا سید ارشد موسوی، مولانا سید محمد حسین صفوی وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقعہ پر علماء دین نے شب برأت کی فضیلت بیان کی اور ظہور ولی عصر (عج) کے حوالے سے ملت کی ذمہ داریوں اور آمادگی کا فلسفہ بیان کی۔

جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی خانہ نظربندی کے باعث کسی بھی تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔

انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے آغا سید حسن کی خانہ نظربندی کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس ایام کے مواقع پر دینی شخصیات کی خانہ نظربندی مداخلت فی الدین کی ایک بدترین مثال ہے۔ انہوں نے اس دوران پلوامہ میں تازہ ہلاکتوں کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی قیادت کو خانہ نظربند کر کے خون ناحق پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا۔

انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے کہا کہ شہداء کشمیر کا خون دیر یا سویر ضرور رنگ لاکر بھارتی جبر و تشدد کے خاتمے پر منتج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تسلط اور ظلم و استبداد سے نجات کی جدوجہد میں شہید ہو رہے مزاحمت پسندوں کا جذبۂ شہادت کسی بھی مظلوم قوم کا سرمائے افتخار ہوتا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬