رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی جنرل سیکریٹری محسن سومرو نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں عالمی یوم القدس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، اس حوالے سے اصغریہ کی پبلیکیشن جاری ہے، اصغریہ اسٹوڈنٹس کی جانب سے رہبر کبیر امام خمینیؒ کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے ہر سال کی طرح اس سال بھی سندھ سمیت ملک بھر میں جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا۔
اس سلسلے میں سندھ بھر میں آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ مرکزی ذمہ داران مختلف ڈویژنز سطح پر ہونے والی مرکزی ریلیوں شرکت کرینگے۔ عالمی یوم القدس منانے کی تیاریوں کے حوالے سے محسن سومرو نے کہا کہ اصغریہ اسٹوڈنٹس کے زیر اہتمام سندھ بھر میں مرکزی آزادی القدس ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس سال بھی 30 سے زائد مقامات پر مرکزی ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ کچھ علاقوں میں اے ایس او دیگر ملی تنظیموں کے ساتھ ریلیوں میں شریک ہوگی۔
محسن سومرو نے کہا کہ اس سال حیدرآباد، میرپورخاص، نصرپور، بدین، ماتلی، بھٹ شاہ، ہالا، سکرنڈ، نواب شاہ، قاصی احمد، مورو، نوشہرو فیروز، ٹھارو شاہ، کنڈیارو، رانی پور، خیرپور، سکھر، پنوعاقل، شکارپور، جیکب آباد، شھداد کوٹ، لاڑکانہ، نصیرآباد، کے این شاہ، دادو، جوہی، جامشورو سمیت سنھد کے جھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی، مرکزی ذمہ داران مختلف ڈویژن سطح پر ہونے والی مرکزی ریلیوں شرکت کرینگے، اور دیگر ریلیوں میں ڈویژنز اور اضلاع کے ذمہ داران شرکت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم القدس منانے کے حوالے سے عوامی سطح پر بیداری کیلئے پوسٹرز، بینرز، پینافلیکس و دیگر نشرواشاعت کی گئی ہیں، جبکہ یونٹ سطح پر لیکچرز کے پروگرامات اور آئمہ جمعہ سے جمعہ خطبات میں مسئلہ فلسطین اور عالمی یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالنے کیلئے کہا جائیگا، ان شاء اللہ عالمی یوم القدس کے موقع پر سندھ سمیت پورا ملک مردہ باد امریکا اور اسرائیل نامنظور کے نعروں سے گونج اٹھے گا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/