رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم، ڈاکٹرس ود آؤٹ بارڈر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں کے واپسی مارچ کی سرکوبی میں اسرائیلی فوجی ایسی گولیاں استعمال کررہے ہیں جن سے فلسطینیوں کی ہڈیاں پاؤڈر بن جاتی ہیں۔
ڈاکٹروں کی اس عالمی تنظیم نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں واپسی مارچ کے دوران صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والے بہت سے فلسطینیوں کے معائنے سے پتہ چلا ہے کہ گولی لگنے کے بعد ان کی ہڈیاں پاؤڈر بن گئ ہیں۔
ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ڈاکٹرس ودآؤٹ بارڈر نے سنیچر کو بیروت میں ، غزہ میں انسانی حالات اور طبی مشکلات کے زیر عنوان منعقدہ ایک سیمینار کے دوران ، "ہڈیوں کی پاؤڈر میں تبدیلی "
کے زیر عنوان ایک ڈاکو منٹری فلم بھی دکھائی تھی۔ اس ڈاکو منٹری میں ان فلسطینی زخمیوں کو دکھایا گیا تھا جن کی ہڈیاں صیہونی فوجیوں کی گولی لگنے کے بعد پاؤڈر میں تبدیل ہوگئی تھیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق فلسطینیوں کے پر امن واپسی مارچ کے آغاز سے اب تک صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی شہید اور سولہ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم ڈاکٹرس ود آؤٹ بارڈر نے دو ہزار چھے سے غزہ میں پانچ میڈیکل سینٹرقائم کئے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰