رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے اہتمام سے میر گنڈ پٹن میں میلاد النبی (ص) و وحدت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایک بڑی تعداد نے شرکت کرکے آنحضور (ص) کو گلہائے عقیدت پیش کئے۔
جلوس میلاد میں شامل عقیدتمندوں نے اسلام اور اتحاد کے حق میں نعرے لگائے جبکہ استکبار اور استعمار کے خلاف بھی فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ میلاد کانفرنس کی صدارت کے فرائض تنظیم کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے انجام دئے جبکہ متعدد دانشور، علمائے کرام اور شعراء نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے رسول اکرم (ص) کو عالم بشریت کیلئے نمونہ کامل قرار دیتے ہوئے محبت و عقیدت کے علاوہ آپ کے حقیقی پیروکار بننے کی پرزور تلقین کی۔
مقررین نے ہفتہ وحدت کو امت واحدہ بننے کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا کہ مسلمانان عالم ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والی ناپاک سازشوں، حربوں اور ہتھکنڈوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کریں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰