28 November 2018 - 23:55
News ID: 437777
فونت
ڈاکٹر عبدالغفور راشد:
تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت زہر قاتل ہے، تکفیر اور مخالف فرقوں کیخلاف کفر کے فتووں نے امت مسلمہ کو کمزور کیا ہے۔ مذہب کے لبادے میں کچھ عناصر کی طرف سے تکفیریت اور جیتے جاگتے لوگوں کو واصل جہنم کرنے کے فتووں کیخلاف جدوجہد کریں گے۔
ڈاکٹر عبدالغفور راشد

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے نئی تنظیم کے مرکزی ڈھانچے کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان سے حافظ ناصرالدین ضامرانی کو سیکرٹری جنرل اور حافظ ممتاز حسین کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا ہے۔ لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ مرکزی عہدیداروں میں پورے ملک سے نمائندگی دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

جس کے مطابق ڈاکٹر ریاض الرحمان یزدانی سینیر وائس چیئرمین، مفتی عاشق حسین بخاری، مولانا عبدالرحیم گجر، مولانا عبدالرحمن ثاقب اور ڈاکٹر عبدالمہیمن کو وائس چیئرمین، پروفیسر عتیق اللہ عمر، مولانا عبداللہ ناصر رحمانی، چودھری طاہر کٹاریہ اور مولانا عبدالحسیب حسن ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہوں گے جبکہ حافظ ممتاز حسین کو سیکرٹری اطلاعات، عبدالودود علوی کو سیکرٹری مالیات اور عبدالعظیم جانباز معاون سیکرٹری مالیات نامزدکیا گیا ہے۔ میاں عثمان راشد میڈیا ایڈوائزر، الشیخ انس مدنی، رابطہ سیکرٹری اور قاری ارشاد الرحمان آفس سیکرٹری ہوں گے۔

ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کونسل کسی ملک یا طبقے کیخلاف نہیں بنائی، ہمارا پیغام نفرت نہیں، محبت ہے، جس کی بنیاد کلمہ طیبہ اور حرمین شریفین کا تحفظ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ کا اتحادی نہیں، صرف سفارتی تعلقات ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت زہر قاتل ہے، تکفیر اور مخالف فرقوں کیخلاف کفر کے فتووں نے امت مسلمہ کو کمزور کیا ہے۔ مذہب کے لبادے میں کچھ عناصر کی طرف سے تکفیریت اور جیتے جاگتے لوگوں کو واصل جہنم کرنے کے فتووں کیخلاف جدوجہد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں تحفظ حرمین شریفین کونسل تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناموس رسول (ص) کے تحفظ، ختم نبوت کی پاسبانی، گلستان اسلام کی آبیاری، حرمین شریفین کے دفاع، خدام حرمین سے مکمل طور پر اظہار یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی، بین المسالک رواداری اور قومی وملی اصول و ضوابط کی پاسداری تحفظ حرمین شریفین کونسل کا مشن ہے۔

ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی لابی سعودی عرب کو بدنام کرنے کیلئے حیلے بہانے تلاش کرتی رہتی ہے۔ اس حوالے سے کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ بیت اللہ اور حرم نبوی کی وجہ سے سعودی عرب امت مسلمہ کا ایمانی مرکز ہے۔ بادشاہ وقت اور ولی عہد محمد بن سلمان کے دل پاکستانیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف اب نئی پاکستانی حکومت کیساتھ مالی تعاون کیا ہے بلکہ گزشتہ حکومتوں کیساتھ بھی اچھے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارض حرمین سعودی عرب کی طرف کسی کو میلی آنکھ بھی نہیں دیکھنے دیں گے۔ اس حوالے سے مختلف سیمینارز منعقد کئے جائیں گے، تاکہ امت مسلمہ کو نئے حالات سے آگاہ کیا جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان یونائیٹڈ کونسل بھی برقرار رہے گی۔ اس پلیٹ فارم سے بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے زور دیں گے۔

مفتی عاشق بخاری نے کہا کہ سازش کے تحت عالم اسلام کو انتشار کا شکار کیا گیا۔ لیبا، شام اور عراق کے بعد استعماری قوتوں کا ہدف سعودی عرب اور پاکستان ہیں۔ پروفیسرعتیق اللہ عمر نے کہا کہ حرمین شریفین اللہ تعالیٰ کی نشانی ہیں۔ تمام مسلمان بلا تفریق مسلک و مکتب اس کی حفاظت کیلئے تیار ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬