رسا ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی خانہ نظر بندی اور تنظیم کے سرکردہ رکن حریت رہنما غلام محمد ناگو کی گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے ترجمان نے واضح کیا کہ جبر و بربریت اور نہتے عوام کے قتل عام کے خلاف عوامی ردعمل ایک فطری امر ہے حریت قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں سے اس عوامی ردعمل کو روکنے کی کوشش مضحکہ خیز ہے ۔
انہوں نے کہا: آغا صاحب کو علی الصبح خانہ نظر بند کیا گیا جبکہ غلام محمد ناگو کو انکے گھر سے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن نگین میں لبریشن فرنٹ کے سرکردہ رکن محمد یاسین بٹ کے ساتھ مقید کیا گیا ۔
ترجمان نے غلام محمد ناگو اوردیگر حریت کارکنوں کی گرفتاری کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وادی میں شہری حلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے ریاستی دہشت گردی کے اس بد ترین سلسلے کے خلاف عوامی رد عمل کو روکنے کیلئے حریت قائدین کی خانہ نظر بندیاں اور کارکنوں کی گرفتاریاں زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰