رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب نے بعض مقامات پر پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے عزاداری سیدالشھداء کی راہ میں رکاوٹوں کو مسترد کرتے ہوئے بانیان مجالس اور امام بارگاہوں کے متولیان سے شورٹی بانڈز لینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ عزاداری ہر صورت ہوگی اور کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تین چار سال سے انتظامیہ ہر سال نئے بہانے تراش کر مجالس اور جلوسوں کو محدود کرنے کی ناقابل قبول ہرزہ سرائی کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن علامہ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے پالیسی اعلان اور واضح حکم ہے کہ کوئی شخص انتظامیہ کے غیر آئینی غیر قانونی مطالبات کے دباو کو تسلیم نہ کرے۔
لاہور میں شیعہ علماء کونسل کی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی صدر شمالی پنجاب علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کی۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر سید ساجد حسین نقوی، صوبائی جنرل سیکرٹری جعفر عباس نقوی، مرزا تقی علی، ڈاکٹر ممتاز حسین، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری صفی الحسنین شیرازی، مولانا غلام قاسم جعفری، سید ہادی ہمدانی ایڈووکیٹ، سید انتظار نقوی، عقیل شاہ اور دیگر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں محرم الحرام کے سلسلے میں عزاداری سید الشہداء کے انعقاد کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی، ڈویڑنل اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو عزاداری کے حوالے سے محرم الحرام اور صفر کے دوران آنے والے مسائل کو حل کرانے میں مدد کریں گی، انتظامیہ سے ملاقاتیں کریں گی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عزاداری کے فروغ کے حوالے سے انتظامیہ سے تعاون اور رکاوٹوں کو مسترد کیا جائے گا۔ اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ عزاداری کے سلسلے میں کسی بھی جگہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا لچک ممکن ہی نہیں۔ چاہے اس کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں یا شہادتوں کا سامنا کرنا پڑے۔
اجلاس میں بانیان مجالس، علما و مقررین اور خطباء سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنے طے شدہ روٹ اور اوقات میں انتظامیہ کے کسی دباو اور ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیں۔ ہمارے نوٹس میں آیا ہے کہ بانیان مجالس کو بلاجواز تنگ کیا جا رہا ہے، جس کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ عزاداری سید الشہدا ملت جعفریہ کی شہ رگ حیات ہے، جسے یزیدی قوتیں چودہ سو سال سے کاٹنے کی ناپاک جسارت کر رہے ہیں مگر ہم کسی جبر و استبداد کے سامنے نہیں جھکیں گے، چاہے جتنی بھی جانی مالی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔
اجلاس میں تنظیمی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ میں ضلعی انتخابات کو فی الفور مکمل کیا جائے۔ شیعہ علماء کونسل کے اجلاس میں کشمیر میں بھارتی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے دیرینہ تنازع کو سلامتی کونسل میں اٹھانے پر حکومتی اقدامات کو سراہا گیا۔
ایک قرار داد میں اسلامی تحریک نائجیریا کے سربراہ آیت اللہ الشیخ ابراہیم زکزاکی کی تین سال سے زائد عرصہ سے غیر قانونی اور غیر انسانی حراست کی بھی مذمت کی گئی اور نائجیریا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔/۹۸۸/ ن