رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے تہران کی نماز جمعہ کے خطبوں میں تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکیوں کو جب ایران کے خلاف سیاسی اور اقتصادی دباؤ میں ناکامی ہوگئی تو وہ الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے یمن پر سعودی اتحاد کے جرائم کے جواب میں سنیچر کو سعودی عرب کی آرامکو سے وابستہ بقیق اور حریص آئیل تنصیبات پر دس ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا تھا۔ یمنیوں کی اس کارروائی کے بعد امریکیوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد دعؤوں کو دہراتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ یمنیوں کے ڈرون حملوں کے پیچھے تہران کا ہاتھ ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اسلامی جہموریہ ایران کا کچھ نہیں بگاڑ پائیں گے۔ تہران کے خطیب جمعہ نے ہفتہ دفاع مقدس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاع کے مختلف میدان اور شعبے ہیں اور ایران کے عوام، سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی میدانوں میں دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں اپنا دفاع کریں گے۔
عراق کی جارح صدام حکومت نے ستمبر انیس سو اسی میں ایک ہفتے میں تہران پر قبضہ کر لینے کے خیال خام میں ایران پر وسیع پیمانے پر حملہ کردیا تھا جس میں مختلف قسم کے مہلک ہتھیار بھی استعمال کئے تھے جو اسے مغربی ممالک نے دیئے تھے۔اسلامی جمہوریہ ایران میں اکتیس شہریور مطابق بائیس ستمبر سے ہفتہ دفاع مقدس کا آغاز ہوتا ہے۔ /۹۸۸/ ن