رسا نیوز ایجنسی رپورٹ کے مطابق ، عراق کے صدر برہم صالح نے عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے قیام کے بارے میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے تاریخی فتوے کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آپ کے فتوے نے ملک میں اتحاد و یکجہتی پیدا کی اور دہشت گردی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ صدر عراق نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی کے لیے ملک کو طاقتور اور خود مختار بنانا ضروری ہے۔
عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے تاریخ ساز فتوے نے داعش کی سرکوبی کر کے ملک میں آمریت کے دوبارہ قیام کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کر دیا ہے۔ عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کا مبارک فتوی ملک کے تحفظ کی راہ میں درکار قومی جوش و جذبے اور احساس ذمہ داری کے دوبارہ زندہ ہونے کا باعث بنا۔ انہوں نے کہا کہ عراقی عوام نے باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے عراق کو ترقی یافتہ اور ماڈرن ملک میں تبدیل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
عراق کے قومی سلامتی کے مشیر اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ، فالح الفیاض نے بھی مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی سیستانی کو عوامی رضاکار فورس کا سب سے بڑا پشت پناہ اور اس ادارے کا روحانی باپ قرار دیا ہے۔ فالح الفیاض کا کہنا تھا کہ اس ادارے میں جس بات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے وہ مرجعیت یا دینی قیادت کے نظریات ہیں۔ انہوں نے الحشد العشائری یا قبائلی لشکر کو الحشد الشعبی میں ضم کرنے کی غرض سے کمیٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رضاکار فورس کی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھانے کے لئے بھی خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
الفتح اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے بھی کہا ہے کہ آیت اللہ العظمی سیستانی کے فتوے نے ملک کے خلاف بڑی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی عوام داعش کے خلاف کامیابی میں علاقائی اور بین الاقوامی تعاون خاص طور سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی مشاورت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ مہندس العقابی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مدد اور تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جب تمام ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کو تنہا چھوڑ دیا تھا، ایران ہی وہ واحد ملک ہے جو ہماری مدد کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس ملک کے سیکورٹی اداروں کی معاونت کرنے والا آرگنائزیشن ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا قیام دو ہزار چودہ میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے فتوے کے بعد عمل میں آیا تھا جس نے ملک سے داعش کے خاتمے اور اسکے بعد ملکی خود مختاری اور ارضی سالمیت کے تحفظ میں عراقی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر بنیادی کردار ادا کیا ہے اور آج بھی ملک میں سرگرم بعض دہشتگرد عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں پیش پیش ہے۔/۹۸۸/ن