رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متنازع بل کے حوالے سے شیعہ جماعتوں کا احتجاج رنگ لے آیا، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے علامہ ساجد نقوی، مفتی منیب الرحمن، مفتی راغب نعیمی، پیر امین الحسنات شاہ، علامہ ریاض حسین نجفی ہیڈ شیعہ مدارس کونسل، ثاقب رضا مصطفائی، سید سبطین حیدر سبزواری، سید صفدر شاہ، سابق ایم پی اے سید تقلید رضا شاہ آف تلہ گنگ، علامہ گلفام ہاشمی سمیت دیگر علماء و عمائدین سے تحفظ بنیاد اسلام بل کے متعلق ٹیلیفون پر مشاورت کی۔
چودھری پرویزالہیٰ نے علماء کو یقین دلایا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کے تحت تمام کتب میں خاتم النبین حضرت سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لازمی لکھا جائے گا جبکہ تمام حضراتِ اہلبیت اطہار، تمام ازواج مطہرات (امہات المومنین) تمام صاحبزادیوں، صاحبزادوں، تمام نواسوں اور نواسیوں کیلئے علیہ السلام یا سلام اللہ علیھا یا رضی اللہ عنہ یا رضی اللہ عنہا لازمی لکھا جائے گا۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ حضرات اہل بیت اطہار کی ناموس پر ہمارا سب کچھ قربان ہے، اہلبیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مجھ سمیت تمام اسمبلی نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلے متفقہ طور پر وہ کتب ضبط کرنے کا حکم دیا، جن میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سمیت اہلبیت اطہارؑ کی شان میں گستاخی کی گئی تھی۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ یہ ہماری اہلبیت اطہارؑ سے عشق کا عملی ثبوت ہے، ہم اہلبیت اطہارؑ اور تمام صحابہ کے غلام ہیں۔
انہوں کا کہنا تھا کہ ہمارے یا ہماری نسلوں کے ہوتے ہوئے خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تمام خلفائے راشدین، امہات المومنین، اہلبیت اطہارؑ اور اصحاب رسول رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی شان میں گستاخی نہیں ہوسکتی۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک کے درمیان اتحاد و پیار مزید مضبوط ہوگا۔ چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ شیعہ علماء کیساتھ مشاورت کے بعد بل میں ترمیم کی جائے گی اور مزید اگر تحفظات ہیں تو انہیں بھی دور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں بین المسالک ہم آہنگی کیلئے کوشاں ہیں اور صوبے مین بہترین فضا بنائیں گے، جس میں تمام مکاتب فکر کو قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق مذہبی آزادی ہوگی۔/۹۸۸/ن