رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے لاہور میں کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر استعماری قوتیں امن و امان خراب کرنے کی منصوبہ بندی کرچکی ہیں، اس مقصد کیلئے دوبارہ تکفیری گروہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ کچھ لوگ ایسے بھی تیار کئے جا رہے ہیں، جو فریقین میں فرقہ واریت کو ہوا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس محرم الحرام پر عزاداری کیخلاف سازشیں کی جائیں گی، مقدمات درج کروائے جائیں اور ممکن ہے جلوسوں پر بھی حملے کروائے جائیں۔ علامہ اسدی نے کہا کہ تکفیری عالمی استعمار کے ایجنڈے پر عملدرآمد کروانے کیلئے ہمیشہ آلہ کار کے طور پر استعمال ہوتے آئے ہیں اور اب بھی ہو رہے ہیں۔
علامہ اسدی نے کہا کہ وطن عزیز میں شدید نفرت کو فروغ دیا جا رہا ہے، اس حوالے سے ہمیں بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے متحد ہونا ہوگا، شیعہ قوم کو اندر سے منتشر کرنے کا گھناونا عمل جاری ہے، باہمی وحدت کو توڑنے کیلئے کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیرونی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے وحدت اہم ترین معاملہ ہے، جس کیلئے مجلس وحدت مسلمین کوشاں ہے۔
علامہ اسدی نے کہا کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت پاکستان کیلئے ناسور ہیں، مگر افسوس کہ اس ناسور کو دوبارہ پاکستان میں پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس میں حکمران طبقے کے افراد بھی شامل دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملت تشیع متحد ہوکر اس فتنے کا مقابلے کرے گی۔/۹۸۸/ن