رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام جمعہ کے روز اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ”اسرائیل مردہ باد“ریلیاں نکالی گئیں۔
احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں ملی یکجہتی کونسل اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر دینی جماعتیں بھی شریک ہوئیں، اسلام آباد میں امام بارگاہ جی سکس ٹو سے ریلی نکالی گئی جو چائنہ چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے مطالبے کو دینی غیرت و حمیت قرار دیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ محمد اقبال بہشتی نے کہا کہ اسرائیل عالم اسلام کا بدترین دشمن ہے۔ اس کی شاطرانہ چالوں سے دوست دشمن کوئی بھی محفوظ نہیں۔ جو مسلمان حکمران اسرائیل کو اپنا دوست سمجھتے ہیں وہ صیہونی فریب کاریوں سے دانستہ طور پر لاعلم بنے بیٹھے ہیں۔ عرب حکمرانوں کا وقتی فوائد حاصل کرنے کے لیے اپنی نسلوں کو یرغمال بنانے کا یہ سودا انتہائی احمقانہ اور بزدلانہ ہے۔ جس پر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما ثاقب اکبر نے کہا کہ فلسطین و اسرائیل کی جنگ کسی زمینی تنازعے کے نام نہیں بلکہ یہ حق و باطل کا معرکہ ہے۔ دو متصادم قوتیں اپنے ہم خیال حکمرانوں کو اپنے اپنے بلاک میں شامل کر رہی ہیں، صیہونیت کے جو دوست ہیں وہ عالم اسلام کے کبھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ اب امت مسلمہ کے فیصلے کا وقت آن پہنچا ہیں۔ عالم استکبار کے حامی عالم اسلام کے دشمن ہیں چاہے وہ کسی بھی لبادے میں ہوں۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ملک اقرار حسین نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک اس تنازعے کا خاتمہ ممکن نہیں۔ جو مسلم حکمران صیہونیت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں وہ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں اپنے مذموم مقاصد میں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکہ خطے میں اسرائیلی بالادستی کے قیام کا جوخواب دیکھ رہا ہے اس کی تعبیر انتہائی بھیانک ہو گی۔ پوری قوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینی قوم کی دلیرانہ جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں کہا کہ عرب حکمرانوں نے اسرائیل کی غاصب ریاست کو تسلیم کر کے امت مسلمہ کی پیٹھ میں خنجر گونپا ہے۔ مسلمانوں کے لبادے میں چھپے ہوئے ان صیہونی ایجنٹون کو یہ ناپاک جسارت مہنگی پڑے گی۔ دنیا بھر کے مسلمان متحدہ عرب امارات کے اس اقدام پر شدید نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔/۹۸۸/ن