رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ محرم ظلم اور طاغوت کے خلاف قیام کا مہینہ ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے 72 کی قلیل تعداد کے ساتھ یزیدی سلطنت سے ٹکر لی اور یزیدیت کو عبرت ناک شکست دی، کربلا والوں نے یہ درس دیا کہ حق کے لئے لڑنا اور جان دینا عاشقان خدا کی پہچان ہے۔
عشرہ محرم کی مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ مجالس عزا اور ماتمی جلوس مقصد کربلا کو سمجھنے اور کربلا والوں سے تجدید عہد اور تجدید بیعت کا باعث ہیں، عزاداری کسی مکتب فکر یا مسلک کے خلاف نہیں بلکہ امام حسین عالی مقام علیہ السلام کا پیغام محبت اور اخوت کا پیغام ہے جو ہر دور کے یزید کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج امریکہ اور اسرائیل یزید وقت بن کر بے گناہ انسانوں کا قتل عام کر رہے ہیں جن کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ضروری ہے، متحدہ عرب امارات نے یزید وقت کی بیعت کرکے امت مسلمہ اور قبلہ اول سے خیانت کی ہے، تحریک آزادی فلسطین اور کشمیر کی حمایت کرنا شرعاََ واجب ہے۔/۹۸۸/ن