رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج تہران میں پورے ایران سے آنے والے ہزاروں مزدوروں کے اجتماع میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ مضبوط حوصلے اور تدبیر کا حامل ہونا، اقتصادی مسائل میں روزمرہ کی بنیاد پر نہ سوچنا، استقامتی اقتصاد کی پالیسی پر توجہ، ماہرین کی آراء و نطریات پر بھروسہ کرنا، تہذیب نفس اور غیر ضروری باتوں سے پرہیز ایران میں صدر کی خصوصیات میں شامل ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ سیاسی جہاد کا اہم اور واضح نمونہ انتخابات ہیں کہ جو اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، مزید فرمایا کہ جو امیدوار بنیں گے وہ اپنے اندازوں میں غلطی نہ کریں اور ملک کی انتظامی مینجمنٹ کے میدان کو جانیں۔
حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران میں انتخابات کا سسٹم بہت مضبوط ہے، مزید فرمایا کہ گوشہ و کنار میں جو اعتراضات ہو رہے ہیں وہ واقعی بےجا ہیں اور آئین کی نگراں کونسل کی تشخیص اہلیت کے مسئلے میں عادل اور بابصیرت انسانوں کی تشخیص ہے۔ انہوں نے اقتصادی جہاد کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی قوم اور حکام کو پہلے کمزوریوں کو جاننا چاہیے اور پھر انہیں دور کرنا چاہیے اور تمام منصوبہ بندیوں میں بھی کمزور طبقات کی زندگی اور معیشت کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے انتخابات کو اہم اور قومی قوت و اقتدار کا مظہر قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ جو قوم زندہ، پرنشاط اور الہی ارادے پر بھروسہ کرتی ہے اور اس کی نصرت و مدد پر مطمئن ہے وہ انتخابات سمیت تمام میدانوں میں کامیاب ہو گی۔ انہوں نے فرمایا کہ اقتصادی اور سیاسی جہاد لازم و ملزوم ہیں۔ ان میں سے ہر ایک دوسرے کی تقویت کرتا ہے۔