
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 12 میں گذشتہ روز ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما کی گاڑی پر گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ۔
ذرائع کے مطابق تین موٹر سائیکل سوار مسلح دہشتگردوں نے گلستان جوہر بلاک 12 میں راڈو اسٹاپ پر ایک کار پر جو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما حجت الاسلام مرزا یوسف حسین کی گاڑی تھی چاروں طرف سے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں موجود ان کے ایک دوست اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے مگر وہ خود گاڑی میں موجود نہ ہونے کے باعث بال بال بچ گئے ۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لاشوں اور زخمی پولیس والے کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مرزا یوسف اور ان کے بیٹے پر اس سے قبل بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے۔