22 January 2014 - 15:30
News ID: 6352
فونت
رسا نیوز ایجنسی – مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے مستونگ کوئٹہ زائرین بس پر ہونے والے خود کش حملہ کیخلاف شدید ردعمل کا اظھار کیا اور 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفري حجت الاسلام مختار امامي


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے مذمتی بیانیہ میں مستونگ کوئٹہ زائرین بس پر ہونے والے خود کش حملہ کی شدید مذمت کی اور شھیدوں سے ہمدردی کا اظھار کیا ۔


انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم پاکستانیوں کے دلوں کی آواز کو سنیں اور پاکستان اور اسلام دشمن طالبان دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان کریں ۔


حجت الاسلام جعفری نے پاکستان کے امن کو طالبان دہشت گردوں کے خاتمے سے مشروط کرتے ہوئے کہا : ملک اور اسلام دشمن دہشت گردوں کے خاتمے کے بغیر پاکستان میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا، مستونگ میں زائرین کی بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔


انہوں نے مستونگ میں زائرین پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے پوری قوم کو صبر سے کام لینے کی تلقین کی اور کہا : ملک اور اسلام دشمن دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے ۔


حجت الاسلام جعفری نے ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں سمیت کراچی میں پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کی شہادت سمیت لاہور میں معروف مصنف اصغر ندیم سید پر ہونیوالے قاتلانہ حملے اور پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے معروف عالم دین مولانا عالم شاہ موسوی کی شہادت کو ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا اور کہا : طالبان مملکت خداداد پاکستان کے لئے کینسر بن چکے ہیں جن کے خلاف سوائے فوجی آپریشن کے کوئی اور علاج ممکن نہیں۔


دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سکریٹری جنرل حجت الاسلام مختار احمد امامی نے کراچی میں علمائے کرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: جب تک سفاک دہشتگردوں کو تختہ دار پر نہیں لٹکایا جائے گا ملک میں امن قیام ناممکن ہے  ۔


انہوں نے کراچی میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ اور تین اہلکاروں کی ہلاکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا : ملک کے کسی حصے میں ملک کا کوئی شہری محفوظ نہیں، فوج، ایف سی، عام شہری روز دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، شمالی وزیرستان میں طالبان دہشت گردوں کے مراکز پر پاکستانی فوج کے کامیاب آپریشن کا خوش آئند قرار دیتے ہیں، ملکی حدود میں موجود ایک دہشت گرد کی موجودگی تک بھرپور آپریشن جاری رہنا چاہئے۔


مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سکریٹری نے یہ کہتے ہوئے کہ ملک بھر خصوصاً کراچی میں دہشت گردوں کا منظم نیٹ ورک بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں مصروف ہے کہا: پولیس و رینجرز کے اعلی حکام روز ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کی دعوے کرتے ہیں مگر آج تک کسی ایک کلر کو بھی سزا نہیں دی گئی ۔


انہوں ںے بنوں اور راولپنڈی میں فوجی جوانوں اور شہری آبادی کو نشانے بنانا ملکی سالمیت پر حملے کے مترادف جانا اور کہا:  شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی طالبان دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب کاروائی اور ان کےخلاف بھرپور آپریشن خوش آئند ہے ۔


حجت الاسلام امامی نے یہ کہتے ہوئے کہ اٹھارہ کروڑ عوام فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خاتمے کی جنگ لڑنے کے لئے آمادہ ہیں چیف آف آرمی اسٹاف سے مطالبہ کیا : شمالی وزیرستان کی طرز کا آپریشن کراچی، لاہور، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک بھر میں کیا جائے۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬