رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام علمائے کرام کے نام شیڈول فورتھ میں ڈالنے، عزاداروں کو گرفتار، ناجائز مقدمات اور خانیوال انتظامیہ کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ جنوبی پنجاب کے دس اضلاع میں یوم احتجاج منایا گیا،
احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور علمائے کرام، مومنین کے خلاف ناجائز مقدمات ختم کرنے اور گرفتار افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
تفصیل کے مطابق ملتان میں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہاراں والا تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی ، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ غلام جعفر انصاری،سید اسد عباس بخاری، سید ندیم عباس کاظمی، محمد عباس صدیقی، اور ثقلین نقوی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور جھنڈے اُٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے حکومت کی جانب سے علمائے کرام کے نام شیڈول فورتھ میں ڈالنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ڈی پی او خانیوال کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
چوک کمہاراں والا پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ہمارے خلاف انتقامی کاروائیوں سے اجتناب کرے، ہم اس ملک کے پُرامن شہری ہیں، دہشت گردوں کی بجائے پُرامن علمائے کرام کے خلاف کاروائیاں حکومتی انتقامی کاروائیاں ہیں، علامہ شیخ محسن نجفی، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ مقصودعلی ڈومکی، علامہ نیر عباس سمیت دیگر علماء کے خلاف کاروائیاں قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا: ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں خانیوال اور سیالکوٹ میں بے گناہ افراد پر درج مقدمات واپس لیے جائیں اور گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو لانگ مارچ کریں گے۔ خانیوال میں بعض ٹائوٹ افراد کی مرضی پر بے گناہ مومنین پر مقدمات درج کیے گئے ہیں ہم ان ٹائوٹ افراد کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس بخاری نے کہا کہ حکومت ملک دشمن عناصر کی سرپرستی کرتی ہے اور ان کا قانون محب وطن اور شرفاء کے لیے ہے ، ہم حکومت کے اس دوہرے معیار کی شدید مذمت کرتے ہیں اور میں اعلان کرتا ہوں اگر علامہ اقتدار حسین نقوی نے ہمیں ملتان بند کرنے کا حکم دیا تو ہم ملتان بند کرکے دکھائیں گے، پنجاب پولیس ہوش کے ناخن لے ریاست کی نمک خواری کی بجائے نواز شریف کی نمک خواری کرنا چھوڑ دے۔/۹۸۸/ن۹۴۰