05 November 2016 - 08:49
News ID: 424272
فونت
ندیم عباس کاظمی:
ملتان میں زائرین ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل نے یہ کہتے ہوئے کہ سکیورٹی کے نام پر زائرین سے بھاری رقم جمع کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج کریں گے کہا: حکومت نجف، بغداد، مشہد اور تہران کیلئے پی آئی اے کی پروازیں فورا شروع کرے ۔
پاکستانی زائرین

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی نے ملتان میں زائرین ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا : وفاقی اور بلوچستان حکومت چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر زائرین کے لئے خصوصی انتظامات کرے، کوئٹہ میں زائرین کو درپیش مشکلات اور وفاقی حکومت کی جانب سے زائرین کو تنگ کئے جانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

اس موقع پر شعبہ زائرین کے سیکرٹری جنرل سید دلاور عباس زیدی بھی موجود تھے۔ زائرین ایسوسی ایشن کے وفد میں ملتان، بہاولپور، لودھراں، جلالپور اور خانیوال کے قافلہ سالار شامل تھے۔

سید ندیم عباس کاظمی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا : سکیورٹی کے نام پر زائرین سے بھاری رقم بٹورنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج کریں گے۔ ہر سال محرم الحرام اور صفر میں لاکھوں زائرین پاکستان سے کربلا معلی جاتے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے کسی قسم کی سہولیات کا انتظام نہیں کیا جاتا، وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نجف، بغداد، مشہد اور تہران کے لئے پی آئی اے کی فوری پروازیں شروع کی جائیں۔

اُنہوں نے مزید کہا : تفتان بارڈر پر زائرین کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا جاتا ہے، سکیورٹی ادارے اور حکومت ہوش کے ناخن لے، ہم پاکستان کے حقیقی فرزند ہیں۔

کاظمی نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ کئے جانے والے وعدے پورے کئے جائیں اور زائرین کے مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔

واضح رہے کہ عاشور اور چہلم پر دنیا بھر کی طرح لاکھوں پاکستانی زائرین کربلا میں امام حسین علیہ السلام کے روضے پر حاضری دیتے ہیں اور اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ /۹۸۸/ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬