رسا نیوز ایجنسی کی پریس ٹی وی سے رپورٹ کے مطابق عراق کے خصوصی فوجی دستے کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حیدر فاضل نے دارالحکومت بغداد سے چار سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع قادسیہ کے علاقے میں عراقی فوج کے داخلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس علاقے میں بارودی سرنگوں اور دہشت گردانہ کار بم دھماکوں کے خطرے کے پیش نظر عراقی فوج کو کافی مسائل کا سامنا ہے جس کی بناء پر پیش قدمی کی رفتار، کچھ سست روی کا شکار ہوئی ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فوج، کرکولی کی طرف تیزی کے ساتھ پیش قدمی کر رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عوامی رضاکار فورس اور کرد پیشمرگہ ملیشیا کے تعاون و مدد سے موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کی کارروائی کے دوران عراقی فوج، اب تک درجنوں قصبوں اور دیہاتوں کو آزاد کرا چکی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ سے متعلق انسانی حقوق کے ہائی کمیشن کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ داعش دہشت گرد عناصر نے حالیہ چند دنوں کے اندر موصل میں درجنوں عام شہریوں کا قتل عام کیا ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰