رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک منہاج القرآن کی جانب سے 33ویں عالمی میلاد کانفرنس کا لاہور کی تاریخی مال روڈ پر اہتمام کیا گیا جس میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر شریک تھا۔ ولادت مصطفی ؐ کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
سٹیج پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے بنایا گیا تھا۔ عاشقان رسول ؐکا جم غفیر چیئرنگ کراس تا ناصر باغ تک پھیلا ہوا تھا۔ سٹیج کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔
خواتین کے بیٹھنے کا علیحدہ انتظام کیا گیا۔ یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے 2 ہزار نوجوانوں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے۔ عالمی میلاد کانفرنس کا باضابطہ آغاز نماز عشاء کے بعد ہوا۔ ملک کے نامور نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔
چیئرنگ کراس سے لاہور ہائیکورٹ چوک تک کرسیاں لگائی گئیں۔ ساؤنڈ سسٹم اور قد آدم ٹی وی سکرینیں لگائی گئیں جن کے ذریعے آخر تک بیٹھے ہوئے افراد نے سربراہ عوامی تحریک کے خطاب کو سنا۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کی سرپرستی ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمان درانی اور خرم نواز گنڈا پور نے کی۔
مثالی انتظامات پر سربراہ عوامی تحریک نے سیکرٹری میلاد مہم جواد حامد کو مبارکباد دی۔/۹۸۸/ن۹۴۰