25 March 2017 - 18:52
News ID: 427104
فونت
چوہدری نثار:
بلوچستان کے شہر لورالائی میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فسادی لوگ بلوچ نوجوانوں کا استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ایسے تمام عناصر جو دشمن سے پیسہ لے کر خود عیش کرتے ہیں اور نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، انکا جلد صفایا کر دیا جائیگا۔
چوہدری نثار علی خان

رسا نیوز کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر فساد پھیلانے والوں کا قلع قمع کرنا ہوگا، فسادی بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایف سی کی ذمے داری ہے کہ سادہ لوح بلوچوں کو بہکانے والوں کے خلاف سینہ سپر ہو جائے۔

بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹئیر کور کے زیر اہتمام 60ویں پاسنگ آوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نے بلوچستان میں امن و عامہ کی مجموعی صورتحال پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پریڈ سے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ پاکستان میں امن نہیں چاہتے، وہ نہیں چاہتے کہ یہاں امن، تعلیم اور خوشحالی آئے، لیکن ایف سی کی ذمہ داری ہے کہ شر اور فساد کو اکھاڑ پھینکیں، قوم کی دعائیں اور اللہ کاحکم ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے تعلیم حاصل کریں، اللہ تعالٰی فساد اور جھگڑے کو ناپسند فرماتے ہیں، اسلام کا نام ہی امن ہے، حکومت کی کاوشوں سے صوبے کے حالات آج بہت بہتر ہیں، بلوچستان میں امن کے قیام، بارڈر پروٹیکشن میں ایف سی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے ایف سی اہل کاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہیں۔ جو ہمارے دشمنوں سے پیسہ لے کر بلوچستان کے حالات خراب کرتے ہیں، آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ فسادیوں کا قلع قمع کریں، کچھ لوگ مذہب کا نام استعمال کر کے ملک میں افراتفری چاہتےہیں، اپنے صوبوں کے لوگوں سے نرمی سے پیش آئیں، اگر کوئی تلخی ہو جائے تو اسے برداشت کریں۔

دیگر ذرائع کے مطابق  وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ فسادی لوگ بلوچ نوجوانوں کا استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں۔

بلوچستان کے شہر لورالائی میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو بلوچستان کا امن لوٹانا ہے، یہ ان کا قومی فریضہ ہے اور اس زمین پر ان کا قرض ہے۔ چوہدری نثار کے مطابق مذہبی شدت پسندی کو ختم کرنا اور ملک کو اس سے چھٹکارا دلانا بھی نئے ایف سی اہلکاروں کی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام عناصر جو دشمن سے پیسہ لے کر خود عیش کرتے ہیں اور نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، ان کا جلد صفایا کر دیا جائے گا۔ فسادیوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے جوانوں کو پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی سکیورٹی کے لئے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ترقی بلوچستان اور پاکستان کو آواز دے رہی ہے، فتح بہت قریب ہے اور ملک کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬