22 May 2017 - 16:05
News ID: 428179
فونت
محمد جواد ظریف:
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران سبھی ملکوں خاص طور پر سعودی عرب کو امن کا تحفہ پیش کرنے کے لئےتیار ہے۔
محمد جواد ظریف

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرخارجہ نے روزنامہ العربی الجدید میں اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ ابھی حال ہی میں ایک سعودی عہدیدار نے دھمکی دی ہے کہ وہ جنگ کو ایران کی سرحدوں کے اندر لے جائیں گے لیکن میں آج باضابطہ طور پر اور ایران کی حکومت کی طرف سے اعلان کرتا ہوں کہ ہم علاقے کے سبھی ملکوں خاص طور پر سعودی عرب کو امن کا تحفہ دینے کے لئے تیار ہیں-

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ البتہ یہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ جب سعودی حکومت، یمن کے عوام کے خلاف اپنی بیہودہ اور تباہ کن جنگ کو ختم اور ہمسایہ ملکوں میں جمہوریت کی حامی اکثریت کو کچلنے کا سلسلہ بند کر دے-

انہوں نے مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کی حساس اور سنگین صورتحال اور یمن، شام اور بحرین کے بحران کے طویل ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں علاقے کے متعدد ملکوں کے سربراہوں کی ریاض میں امریکی صدر سے ملاقات کی خبروں نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا لی ہے-

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ اگر امریکی صدر خود کو سعودی حکومت کا دوست سمجھتے ہیں اور وہ اپنے انتخابی وعدوں پر قائم ہیں تو انہیں چاہئے کہ ان مسائل پر کہ جن کی وجہ سے علاقے میں تکفیری دہشت گرد، جنگ کی آگ بھڑکائے ہوئے ہیں، سعودی حکام سے بات کریں اور مغربی ملکوں میں سعودی شہریوں کے ہاتھوں ایک اور نائن الیون کی روک تھام کی فکر کریں-

انہوں نے کہا کہ بعض پڑوسی ملکوں کی غلط پالیسیوں کے باوجود ایران، اپنے اصولی موقف پر قائم رہے گا- ایرانی وزیرخارجہ نے اپنے اس مقالے میں لکھا کہ بعض عرب حکومتوں نے گذشتہ برسوں کے دوران اپنی تخریبی پالیسیوں اور اقدامات سے خطے کو غیر مستحکم بنا دیا ہے-

انہوں نے کہا کہ ان حکومتوں کی پالیسیوں اور اقدامات کا خلاصہ یہ ہے کہ ایک طرف سے تو وہ انتہا پسندانہ سوچ کی ترویج، اس کی حمایت اور اسلام کو تشدد پسند دین بنا کر پیش کرنے میں لگی ہوئی ہیں اور دوسری جانب سے عدم استحکام، خونریزی اور برادرکشی کے ذریعےعلاقے کی قوموں کے مفادات کو تباہ کر رہی ہیں-

وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ آج امن و سلامتی سے سرشار طاقتور اسلامی جمہوریہ ایران پورے خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے کیونکہ وہ اس بات کو جانتا ہے کہ پڑوسیوں میں بدامنی پھیلا کر اصولی طور پر اپنے یہاں امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬