رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ریاض اجلاس میں امریکی صدر کے ایران مخالف تکراری دعؤوں اور مداخلت پسندانہ بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی صدر کو چاہئے کہ وہ دوسرے ملکوں کے امور میں مداخلت کرنے، جنگ پسندانہ پالیسیوں اور دہشت گردوں کے حامی ملکوں کو خطرناک ہتھیار فروخت کرنے سے باز آجائیں-
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران میں بارہویں صدارتی انتخابات کے شاندار انعقاد کے محض اڑتالیس گھنٹوں کے بعد ہی جب ایران کے عوام نے پولنگ اسٹیشنوں پر وسیع پیمانے پر شرکت کر کے ایران کے اسلامی جمہوری نظام سے اپنی وفاداری کو ایک بار پھر ثابت کر دیا، امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنے مداخلت پسندانہ، تکراری اور بے بنیاد الزامات عائد کر کے ایک بار پھر کوشش کی ہے کہ وہ ایرانوفوبیا پھیلائیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر نے اپنے اس خطاب میں کوشش کی ہے کہ وہ ایرانوفوبیا کے ذریعے علاقے کے ملکوں کو زیادہ سے زیادہ امریکی ہتھیار خریدنے کی ترغیب دلائیں-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ٹرمپ کے مداخلت پسندانہ اور علاقے کے عوام کو دھوکہ دینے والے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات صرف علاقے کی قوموں کی آزادی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں صیہونی حکومت کی بالادستی قائم کرنے کے لئے ہیں-
انہوں نے کہا کہ افسوس کہ علاقے کی بعض حکومتیں اپنی عوامی قوتوں پر بھروسہ کرنے اور علاقائی تعاون کے بجائے بڑی طاقتوں کی حمایت پر منحصرہو گئی ہیں اور علاقے کے ملکوں کی بنیادوں اور بنیادی تنصیبات کو کمزور اور تباہ کرنے کا راستہ ہموار کر رہی ہیں جن میں یمن کی افسوسناک صورتحال اور شام میں تکفیری دہشت گردوں کے ذریعے بنیادی شہری تنصیبات کی تباہی کی جانب اشارہ کیا جا سکتا ہے-
وزارت خارجہ کے ترجمان نے علاقے کے ملکوں کے داخلی امور میں امریکا کی سابقہ حکومتوں کی مداخلت کے سلسلے میں امریکی حکام کے موقف کے غلط ثابت ہونے اور داعش جیسے خونخوار دہشت گرد گروہ کو وجود میں لانے پر مبنی امریکا کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی حکومت سے کہا کہ وہ اپنے اس قسم کے اقدامات سے باز آجائے-
انہوں نے علاقے کی حکومتوں سے بھی کہا کہ وہ امریکا کی فرضی حمایت کے بدلے ہتھیاروں کی خریداری میں اپنے عوام کی دولت خرچ کرنے کے بجائے اپنے عوام کی رفاہ و آسائش کے لئے اقدام کریں اور اتنی خطیر رقم، اپنے اپنے ملکوں کی ترقی اور علاقے میں تعمیری تعاون پر خرچ کریں-
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لئے امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی حمایت اس قدر آشکارا ہے کہ دوسروں پر دہشت گردی کی حمایت کا مورد الزام ٹھہرانے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور علاقے کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ اگر داعش، جبہۃ النصرہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی مالی امداد اور ان کے ذرائع بند ہو جائیں تو ان گروہوں کا بہت ہی آسانی سے قلع قمع کیا جا سکتا ہے-
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران ایک جمہوری اور طاقتور ملک ہے کہ جس کو اپنے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ایران علاقے میں امن و صلح اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کا منادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پوری دنیا میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کا حامی ہے اور امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی بیان بازیوں سے اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے بھی نہیں ہٹے گا-