رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے داعش دہشت گرد گروہ کو سبق سکھانے کے لئے اٹھارہ جون کو شام کے علاقے دیرالزور میں داعش کے ہیڈ کوارٹر اور کار بم تیار کرنے کے کارخانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
سپاہ پاسداران نے اپنی اس کارروائی میں زمین سے زمین پر مار کرنے والے درمیان فاصلے تک مار کرنے والے چھے میزائل استعمال کیے تھے۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی داعش کے خلاف اس کارروائی کو درست اور بجا قرار دیا اور کہا کہ ان میزائلوں نے عراقی فضاؤں کو عبور کرتے ہوئے چھے سو پچاس کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور اپنے معینہ اہداف کو نشانہ بنایا۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ دہشت گرد اور ان کے حامیوں کو جان لینا چاہئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہرطرح کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے گا اور اس سلسلے میں کسی طرح کے پس وپیش سے کام نہیں لے گا۔
تہران کے خطیب امام جمعہ نے اسلامی جمہوریہ ایران میں مثالی امن و سیکورٹی کی جانب بھی اشارہ کیااور کہا کہ ایران کی موجودہ سائنسی اور عسکری قوت اور امن و سیکورٹی بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی قیادت اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کی برکت سے ہے۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے عراقی حکومت اور قوم کو موصل کی آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ امریکہ ، صیہونی حکومت اور سعودی عرب علاقے میں دہشت گردی کے اصلی حامی ہیں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰