رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاراچنار میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارا چنار کے پاکستانیوں اور سارا پاکستان پارچنار کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ پاکستان میں یہ واقعہ عالمی سازش کے تحت کرایا گیا ہے، یہ ایک انٹرنیشنل سازش ہے، جس کا مقصد ہمیں آپس میں لڑانا اور تقسیم کرنا ہے۔ ہم اس سازش کو ہمشہ ناکام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے عراق میں شیعہ سنی کو لڑایا گیا اور اب آہستہ آہستہ ساری دنیا میں مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ پاراچنار کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ سب پاکستانی متحد ہیں کہ ہم نے اس سازش کو ناکام بنانا ہے، ہم نے ایک قوم بننا ہے اور جو یہ دہشتگردی کر رہے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ انہیں باہر سے مدد کی جا رہی ہے۔ ساری قوم ملکر ان دہشتگردوں کو شکست دے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی شیعہ اور سنی کو لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وہ سب کو یقین دلاتے ہیں کہ جو بھی ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کرے گا، ہم اُس کی اس سازش کو ہمشہ ناکام کریں گے۔ جو یہ سازش کر رہے ہیں کہ قبائلی علاقہ پختونخوا کا حصہ نہ بنے، وہ ملک کے دشمن ہیں۔
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقے کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، تاکہ قبائلی علاقے کی صوبائی اور قومی اسمبلی میں نمائندگی ہو۔ جب صوبائی اسمبلی میں قبائلی علاقے کی نمائندگی ہوگی تو کوئی بھی قبائلی علاقے پر وہ ظلم نہیں کرسکتا جو پچھلے پندرہ سالوں میں ہوا۔ قبائلی علاقے کے لوگوں پر ظلم ہوا، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، کوئی آواز نہیں تھی۔ کیمپوں میں دھکے کھا رہے تھے، پولیس قبائلی علاقے کے لوگوں کو تنگ کر رہی تھی۔
عمران خان نے پاراچنار آنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج یہاں دو وجوہات کی بنا پر آئے ہیں، ایک یہ بتانے کہ ساری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، آپ کے غم میں شریک ہے۔ دوسرا یہ کہ ساری قوم اس چیز پر متفق ہے کہ ہم نے ملک سے دہشتگردی کو ختم کرنا ہے اور یہ جو ہمیں تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، نہ ہم نے اس کو پاکستان میں کامیاب ہونے دینا ہے اور نہ ہی عالمی سطح پر مسلمانوں کو لڑانے کی سازش کامیاب ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کو ہم نے پختونخوا کا حصہ بنانا ہے، تاکہ قبائلی علاقے کی آواز ہو، اُن کے وہی حقوق ہیں، جو سب پاکستانیوں کے ہیں۔ قبائلی علاقے کا نظام تب ٹھیک ہوگا، جب اس میں خیبرپختوخوا جیسا بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے۔ عمران خان نے شاندار استقبال کرنے پر پاراچنار کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء نے عمران خان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰