15 July 2017 - 23:13
News ID: 429025
فونت
سید علی گیلانی:
سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ ہم جو یہ جدوجہد کر رہے ہیں یہ ایک جائز اور مبنی برحق جدوجہد ہے، کیونکہ جموں کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے جس پر بھارت نے اپنی فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جمایا ہے۔
سید علی گیلانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے یاتریوں پر ہوئے حملے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس کا اسلامی تعلیمات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسلام انسانی اور اخلاقی اقدار کی پاسداری، عدل اور انصاف کا نظام ہے اور وہ سب سے پہلے انسانیت کو اہمیت اور احترام دے رہا ہے۔ اس لئے ہمیں اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ ہماری طرف سے انسانیت کو کوئی نقصان اور زک نہ پہنچنے پائے۔

سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ یاتریوں پر حملے اور زخمی یاتریوں سے متعلق ہماری قوم نے جس ہمدردی اور جذبۂ اخلاص کا مظاہرہ کیا ہے وہ اسلامی تعلیمات کا ہی نتیجہ ہے، جس کے لئے ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ ہم جو یہ جدوجہد کر رہے ہیں یہ ایک جائز اور مبنی برحق جدوجہد ہے، کیونکہ جموں کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے جس پر بھارت نے اپنی فوجی طاقت کے بل پر قبضہ جمایا ہے، مگر بھارت توسیع پسندانہ عزائم اور نشۂ قوت کا شکار ہوچکا ہے اور وہ ہمارے جائز مطالبے پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔

بھارت کے حکمرانوں کا تذکرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ ان کے آئے روز بیانات سے یہ بات عیاں ہو رہی ہے کہ وہ جموں کشمیر کی زمین حاصل کرنا چاہتے ہیں اور انہیں یہاں کے لوگوں کے جینے مرنے کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ جموں کشمیر کو بندوق و طاقت کی بنیاد پر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو ضد و ہٹ دھرمی ترک کرکے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬