
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی انقلاب کی انتالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات عشرہ فجر کے آغاز سے قبل امام خمینی رح کے مزار پر حاضری دینے کے بعد، صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرمملکت حسن روحانی نے کہا، سلامتی کونسل کو ایران کے خلاف اکسانے والی سامراجی طاقتوں کو اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ ایران کے عوام اپنی آزادی و خود مختاری کا ہر حال میں دفاع اور اسلامی جمہوری نظام کی پاسداری کرتے رہیں گے۔ اور انہیں ان کے اصولوں اور اسلامیت و جمہوریت سے واپس پلٹانا محال ہے ۔
صدر ایران نے واضح الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی طاقت ایران کی عظیم قوم کو اظہار رائے، تنقید اور حتی جائز اعتراض سے نہیں روک سکتی اور تمام عہدیداروں کو عوامی مطالبات اور خواہشات کو کان لگا کر سننا چاہیے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلام ، قوم اور مملکت کو حکومت کے تین بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوامی قومی اتحاد پر یقین رکھتے ہیں اور دنیا کی کوئی بھی طاقت ایرانی قوم کا راستہ تبدیل نہیں کرسکتی۔ اور ایسا کرنا کسی بھی طاقت کے لئے محال ہے ۔
انہوں نے ایران میں منعقد ہونے والے بارہ صدارتی، دس پارلیمانی، ماہرین کی کونسل اور اسلامی کونسلوں کے پانچ پانچ انتخابات اور ریفرنڈم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے عوام گیارہ فروری کو ایک بار پھر ثابت کردیں گے کہ وہ اسلامی انقلاب، اسلامی نظام اور رہبر انقلاب اسلامی کے کس طرح اور کتنے وفادار ہیں ۔
صدر ایران اور کابینہ کے ارکان نے بدھ کی صبح ایران کے اسلامی انقلاب کی انتالیسیوں سالگرہ کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کے مزار اور شہیدوں کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
صدر مملکت اور کابینہ کے ارکان کابینہ نے اس موقع پر اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی رح اور شہیدوں سے تجدید عہد بھی کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰