رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیرین پولیس کے مطابق مسجد کے باہر اور اندر ہونے والے خود کش حملوں میں 60 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
ریاست اداماوا کے پولیس کمشنر کے مطابق ایک خود کش بمبار نے خود کو مسجد میں دھماکا خیز مواد سے اڑایا تو دوسرے نے مسجد سے کچھ فاصلے پرخود کش دھماکا کردیا ۔
ابتدائی خبروں میں پولیس نے خود کش حملے میں مرنے والوں کی تعداد 2 درجن کے قریب بتائی تھی جبکہ زخمیوں کو اسپتال بھی منتقل کیا ،جن میں متعدد کی حالت تشویشناک تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے حملے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
اس سے قبل موبی میں گزشتہ سال نومبر میں مسجد پر ہونے والے خود کش حملے میں 50 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے،یہ اس سال کا بڑا حملہ ہے ۔
واضح رہے کہ نائیجیریا میں عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات پر تسلسل سے حملے کیے جارہے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم بوکو حرام قبول کرتی آئی ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰