رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ قوم روایتی سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی، ہماری سیاست کا مرکز و محور نظام مصطفٰے ہے، اسلام پرستوں کا دور آنیوالا ہے، نظریاتی ووٹرز کیلئے متحدہ مجلس عمل امید کی کرن بن چکی ہے، دینی ووٹ تقسیم نہیں ہونے دیں گے، ایم ایم اے کے امیدوار ایمان اور قرآن کی قوت سے بڑے بڑے برج الٹا دیں گے، ایم ایم اے کا عوام دوست اسلامی منشور گھر گھر پہنچائیں گے، دینی طبقات انتخابی معرکہ سر کرنے کیلئے صف بندی کر لیں، ہم پارلیمنٹ میں بھی درود و سلام کی صدائیں بلند کرنا چاہتے ہیں۔
صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ او آئی سی کے فلسطین سے متعلق فیصلوں پر عمل یقینی بنایا جائے، عالمی برادری مظلوم فلسطینیوں کی چیخیں سنے، امریکہ میں سبیکا شیخ کی المناک موت نے پوری قوم کو رُلا دیا ہے، مسلمانوں کو دہشتگرد کہنے والا امریکہ غیر ملکیوں کیلئے غیر محفوظ ہوچکا ہے، تاجر نیکیاں کمانے کے مہینے کو پیسہ کمانے کا مہینہ نہ بنائیں۔ حکومت ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ رمضان میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰