رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائجیریا کی اسلامی تحریک نے اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے کل منگل کو عاشورہ کے جلوسوں میں شامل عزاداروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 12 عزادار شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے- اس سے قبل شہید ہونے والوں کی تعداد تین بتائی جا رہی تھی۔
رپورٹوں کے مطابق نائجیریا کے مسلمان ملک کے مختلف علاقوں میں نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) کی یاد میں جلوس ہائے عزا نکال کر امام عالی مقام اور آپ کے اصحاب باوفا کی شہادت کا غم منا رہے تھے کہ فورسز نے ان پر حملہ کردیا اور عزاداروں کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب نائجیریا میں عزاداروں پر سیکورٹی اہلکاروں نے حملے کئے ہوں - 13 دسمبر 2015 میں بھی نائجیریا کے سیکورٹی اہلکاروں نے زاریا شہر میں امام بارگاہ اور عزاداروں پر حملہ کیا تھا جس میں سینکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوئے تھے- اس حملے میں آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی زخمی جبکہ ان کے 3 بیٹے شہید ہوئے تھے۔ /۹۸۸/ن