رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطیب مسجد باب العلم مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار اور طرز زندگی پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔
ایام فاطمہ کی مناسبت سے کراچی میں منعقدہ مجالس کے اجتماعات سے خطاب کے دوران علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ آپ رسول اکرم کی چہیتی بیٹی، علی مرتضیٰ کی زوجہ اور حسن و حسین کی والدہ ماجدہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ عظیم مجاہدہ تھیں، جنہوں نے ہر محاذ پر دفاع اسلام کیلئے رسالت ماب کے شانہ بشانہ سخت اور طویل جدوجہد کی اور اسلام کی جڑوں کو ہمیشہ کیلئے مضبوط اور مستحکم کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج مسلم امہ انہی مقدس اور محترم ہستیوں کے نقش قدم پر چلے، جن کی محبت کا واضح طور پر حکم دیا گیا ہے، خصوصاً ہمارے حکمران اسی جرأت و بہادری اور حوصلے کے ساتھ کام کرنے کا عزم کریں، جو خانوادہ رسول اور ان کے اصحاب کا تھا، تاکہ اسلام کی سربلندی کیلئے کام ہونے کے ساتھ ساتھ دشمن اسلام کا مقابلہ بھی کیا جا سکے۔/۹۸۸/ن