رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے عالمی شعبہ ذمہ دار حجت الاسلام سید شفقت شیرازی نے دیدار جلبانی کی مظلومانہ شہادت کے سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم قم کے دفتر میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: پاک کمانڈر بہادر ہو تو فوج بھی معجزہ دکھا سکتی ہے ۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ شہداء کا مقدس خون غیور قوموں میں زندگی کی نئی حرارت، جوش و جذبہ، تحرک اور بیداری کی لہر پیدا کرتا ہے کہا: خودکش حملہ آور، ٹارگٹ کلرز اور ان کی پشت پناہی کرنیوالے عناصر سن لیں کہ شہید پرور قوم کو موت سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، ہم کربلائی عزم کے ساتھ ملک و مذہب کے خلاف ہونیوالی دشمن کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔
حجت الاسلام شفقت شیرازی یہ بیان کرتے ہوئے کہ غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنیوالے حکمران ملک کا وقار مجروح کر رہے ہیں تاکید کی : حکمرانوں کی طالبان نواز پالیسیوں کے نتیجے میں پوار ملک بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے۔
انہوں ںے یہ کہتے ہوئے کہ علمائے کرام، سیاستدنوں، تاجروں، ڈاکٹروں، وکلا اور دانشوروں سمیت کسی بھی شہری کو تحفظ حاصل نہیں، بالخصوص کراچی میں شیعہ سنی علمائے کرام اور اکابرین کو چن چن کر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے کہا: ایم ڈبلیو ایم کے راہنما دیدار علی جلبانی اور ان کے محافظ کی مظلومانہ شہادت اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے عالمی شعبہ ذمہ دار نے دیدار جلبانی کی مذہبی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا : ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں محب وطن عوام کی نظریں افواج پاکستان پر لگی ہوئی ہیں، حالات کو درست کرنا موجودہ حکمرانوں کے بس بات نہیں، تاہم اگر کمانڈر دلیر اور شجاع ہو تو پاک فوج معجزہ دکھا سکتی ہے ۔
انہوں ںے اخر میں دیدار جلبانی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔