رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا : حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرین کی ہر ممکن امداد کرے۔رجسٹریشن کے عمل میں تیزی کے ساتھ ساتھ بہتری بھی لانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا : اس وقت پاک فوج آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے اور عوام ملک میں امن وامان و استحکام اور کامیابی کے لئے دعا گو ہے ۔
عارف حسین واحدی نے کہا : آپریشن کے باعث لاکھوں کی تعداد میں عوام کا علاقہ سے ہجرت کرنا ایک اہم مسئلہ ہے ایک جانب سخت موسم اور دوسری جانب خواتین ، بزرگ اور معصوم بچے بھی آئی ڈی پیز میں شامل ہیںاس لئے حکومت کی اولین ترجیح ان افراد کو تحفظ فراہم کرنے کا ساتھ ساتھ ان کی بنیادی ضروریات کا خیال بھی رکھنا ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی : آئی ڈی پیز کی بحالی ایک بڑاچیلنج ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لائے اور رجسٹریشن کے عملے کو بڑھایا جائے تاکہ جلد ازجلد رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ان آئی ڈی پیز کو امدادمیسر ہوسکی۔علاوہ ازیں حکومت کو چاہیے کہ آپریشن کے مکمل ہونے کے بعد ان متاثرین کو اپنے آبائی علاقوں میں آباد کرنے کے لئے بھی پلان مرتب کرئے ۔