26 July 2014 - 18:13
News ID: 7061
فونت
انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ :
رسا نیوز ایجنسی – سرزمین کشمیر ھندوستان کے معروف شیعہ عالم دین حجت الاسلام آغا سید حسن موسوی نے اسرائیل کو خونخوار درندہ بتاتے ہوئے کہا: عالمی یوم قدس امام خمینی کی دور اندیش حکمت علمی کا نتیجہ ہے ۔
اقا سيد حسن الموسوي الصفوي

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وادی کشمیر ھندوستان میں جمعتہ الوداع کو غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف، شمال و جنوب کے مختلف مقامات نوہٹہ ، گوجوارہ ، حول ، راجوری کدل ، صراف کدل ، نوا کدل سے عالمی یوم قدس کے جلوس نکالے گئے ، مظاھرین نے اسرائیل مخالف نعرے لگاتے ہوئے اسرائیلی جھنڈے نذر آتش کئے ۔


انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ نے غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت میں 800 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید ہونے پر زبردست غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: غزہ پر ہونے والے مظالم اور قتل عالم میں اسرائیل کے پٹھو امریکہ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک بھی شامل ہیں ۔


انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ فلسطین دنیا کی مظلوم ترین قوم ہے اور اسرائیل ایک خونخوار درندے کی طرح اس محکوم قوم کی چیر پھاڑکررہا ہے کہا: دنیا میں انسانی حقوق کی دہائی دینے والی مغربی قوتیں خصوصاً امریکہ اسرائیل کی اس انسانیت سوزی کی نہایت بے شرمی کے ساتھ تائید و حمایت کررہا ہے اور عالمی برادری اس کشت و خون کا تماشہ دیکھ رہی ہے ۔


حجت الاسلام موسوی نے فلسطین کے حوالے سے اسلامی ممالک کی بے حسی اور خاموشی ایک عظیم ملی المیہ جانا اور کہا: دنیا ئے اسلام کی اس نا اتفاقی اور بے حسی کا ناجائز فائدہ اٹھاکر اسلام دشمن قوتیں یکے بعد دیگرے مسلمان ممالک کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہی ہیں ۔


انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ انقلاب اسلامی ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رہ) نے اسی کربناک صورتحال اور اسرائیل کے عالم اسلام کے خلاف عزائم کے پیش نظر ایک دور اندیش حکمت عملی کے طور پر جمعۃ الوداع کو یوم قدس کی مناسبت سے منانے کی تاکید فرمائی تاکہ جابر قوتوں کے ظلم و جبر کے شکار اپنے مظلوم بھائیوں خصوصاً مظلوم فلسطینی عوام کے تئیں ملت اسلامیہ کے  دینی و ملی احساس کو زندہ رکھا جاسکے کہا: مسئلہ کشمیر اور مسلٔہ فلسطین کی وجہ سے جنوبی ایشیا اور مشرقی وسطیٰ کے افق پر ہمیشہ جنگ کے بادل منڈلاتے رہتے ہیں ۔


سرزمین کشمیر ھندوستان کے معروف شیعہ عالم دین نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں بالخصوص او آئی سی کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا : غزہ میں شیر خوار بچوں اور ضعیف العمر مرد و زن پر مہلک میزائلوں اور بموں کی بارش کے نتیجے میں ہوئی تباہ کاریوں سے بھی اگرعالمی برادری کا ضمیر جاگ نہیں اٹھتا ہے تو یہ اسلام اور مسلمان دشمنی کا کھلا مظاہرہ ہے ۔


اس دوران  اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں کی خاموشی کو افسوسناک قراردیا ۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬