رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے جے ایس او کے نائب صدر عبد اللہ رضا سے ہونے والی ملاقات میں جے ایس او کے جوانوں کی سرگرمیوں کو سراہا ۔
حجت الاسلام واحدی نے یہ کہتے ہوئے کہ آپ اپنے آپ کو جس طرح تیار کریں گے قوم کا مستقبل بھی وہی ہوگا کہا: ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ تعلیم کو اپنی توجہات کا مرکز قرار دیں ۔ تعلیم آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ، ہر یونیورسٹی ، ہر کالج اور ہر بورڈ میں جے ایس او کے نوجوانون کو اولین پوزیشنوں پر ہونا چاہئے ۔
انہوں نے جے ایس او پاکستان کو ایک الٰہی تنظیم بتاتے ہوئے کہا: پاکستان میں یہ وہ واحد طلباء تنظیم ہے کہ جو براہ راست نمائندہ ولی فقیہ کے زیر نگرانی کام کر رہی ہے۔ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہئے کہ آپ کی سرپرستی نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی فرما رہے ہیں، آپ اس بات کا یقین رکھیں کہ جب تک آپ اس لڑی سے بندھے رہیں گے دنیا و آخرت میں عزت و کامیابی آپ کا مقدر رہے گی ۔
اس ملاقات میں جے ایس او پاکستان کے نائب صدر عبد اللہ رضا نے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور انہیں سرگرمیوں سے اگاہ کیا ۔
واضح رہے کہ اس ملاقات میں گلگت بلتستان کے وزیر جناب دیدار علی شاہ بھی موجود تھے ۔