26 July 2014 - 17:26
News ID: 7058
فونت
جمعۃ الوداع 25 جولائی 2014 عیسوی کو؛
رسا نیوز ایجنسی - عالمی یوم قدس کے موقع پر احتجاجی ریلی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان نے قرار دادیں پیش کی ۔
عالمي يوم قدس ريلي

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعۃ الوداع 25 جولائی 2014عیسوی کو عالمی یوم قدس کے موقع پر احتجاجی ریلی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان نے قرار دادیں پیش کی ۔


اس قرار داد کا تفصیل متن مندرجہ ذیل ہے :


(1) عالمی یوم القدس کے موقع ملی یکجہتی کونسل اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و شمالی علاقہ جات کے کروڑوں پاکستانی عوام کے ملک کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے احتجاجی اجتماعات کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔


(2) عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتا ہے اور اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے ۔


(3) یہ احتجاجی اجتماع غزہ میں گذشتہ کئی روز سے جاری اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ماہ صیام میں سینکڑوں معصوم بچوں ‘ خواتین سمیت مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے جارح اسرائیل کی گذشتہ نصف صدی سے زائد ظلم و بربریت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتا ہے اور اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے ۔


(4) یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی طرف سے  غاصب‘ غیر قانونی اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی کھلی سرپرستی کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ کروڑوں عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے  اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں اور اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے ہوئے قبلہ اول کو آزاد کری۔یہ اجتماع اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر  جیسے توسیع پسندانہ فیصلوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔


(5) یہ عظیم الشان اجتماع اسلامی دنیا خاص کر عراق‘ شام میں ہونے والی خونریزی اور قتل و غارتگری کی مذمت کرتے ہوئے بعض مقدس ‘ برگذیدہ ہستیوں اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اقوام متحدہ‘ سلامتی کونسل اور بالخصوص اسلامی سربراہی تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔


(6) آج کا یہ اجتماع پارلیمنٹ کی حمایت سے شروع ہونے والے ضرب عضب آپریشن کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔


(7) یہ اجتماع پاکستان کے عروس البلاد اور شہر قائد میں ایک مدت سے جاری موت کے رقص پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی داخلی سلامتی اور استحکام کے لئے انتہائی مہلک قرار دیتا ہے اور معصوم اور بے گناہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ضامن اداروں اور ذمہ داروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس صورت حال پر قابو پانے میں مزید تاخیر نہ کرے اور شہر کا امن خراب کرنے والے کے خلاف سخت کاروائی کرے ۔


 (8) یہ اجتماع کوئٹہ تفتان روٹ پر مقدس مقامات کی زیارت کے لئے جانے والے زائرین پر شرپسندوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ زائرین کی سیکورٹی کو یقینی بنائے اور اس روٹ پر دہشت گردوں کے خلاف سخت اور کڑے اقدامات کرے ۔


(9) آج کا یہ اجتماع ملک کے طول و عرض میں ہونے والی دہشت گردی کے بڑے بڑے سانحات جیسے سانحہ عاشورا کراچی‘ سانحہ چہلم کراچی‘ سانحات مستونگ‘ سانحہ چلاس‘ سانحہ کوہستان‘ سانحات کوئٹہ سمیت دیگر تمام سانحات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر افسوس ظاہر کرتا ہے کہ تاحال ان سانحات کے حقائق منظر عام پر لائے گئے نہ ہی عوام کو سانحات کے مرتکب ذمہ داروں سے باخبر کرکے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ۔


(10) آج کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگامی کے طوفان بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافی‘ عمومی اور سحرو افطار کے اوقات کے باوجود لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل پر تشویش کا اظہارکرتا ہے ۔


(11) کرپشن اور بدعنوانی کا دور دورہ ہے جو ملک کو لمحہ بہ لمحہ تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے ان حالات میں یہ نمائندہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شفاف اور غیر جانبدار احتساب کے عمل کو جاری کری‘ ہوشربامہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پائی‘ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے اور بگاڑ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے ۔
 
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬