رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر وفا عباس نے قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت السلام و المسلمین سید ساجدعلی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنی تنظیم کی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے نوجوانوں کو اپنی تعلیم پر بھرپور انداز میں توجہ دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: تعلیم کے ساتھ جے ایس او پاکستان کے نوجوانوں کا کردار قومی و ملی معاملات میں بھی نمایاں نظر آنا چاہئے ۔
انہوں نے تعلیم کو وقت کی ایک اہم ضرورت بتاتے ہوئے کہا: آپ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے گوش و کنار میں تنظیمی اسٹرکچر کو مضبوط کریں اور اس تنظیم کے ذریعے تعلیمی آگاہی ملک کے گوش و کنار میں پھیلائیں۔ اس کے لیے آپ پورے ملک میں تعلیمی مصروفیات کو مد نظر رکھتے ہوئے طوفانی دورہ جات کریں ۔
جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے قائد ملت جعفریہ کو اپنی مرکزی کابینہ کے انتخاب کے سلسلہ میں تجاویز پیش کیں جس پر قائد ملت جعفریہ نے مناسب ہدایات دیں اور مرکزی صدر کی مختصر کارکردگی رپورٹ کو سراہا نیز اسی طرح جاری رکھنے کا حکم دیا۔