ڈاکٹر حسن روحانی نے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے امام خمینی (رح) کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا : امام خمینی اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی آئین کی تدوین، ملک کا نظام چلانے اور اسلامی جمہوریہ کے تعین میں عوام کی رائے معلوم کرنے پر مسلسل تاکید فرما رہے تھے ۔
انہوں نے مزید کہا: بارہ فروردین کو ایران کے عوام نے تاریخی ریفرنڈم میں شرکت کرکے اسلامی جمہوریہ کو اپنے ملک کے نظام حکومت کے طور پر منتخب کیا جو جمہوریت اور دینی اقدار پر استوار ہے ۔
ایرانی صدرمملکت نے یہ کہتے ہوئے کہ بارہ فروردین یوم جمہوریہ، ایران میں جمہوریت اور اسلامیت کے متجلی ہونےکا دن ہے کہا: عام طور پر جن ملکوں میں انقلاب برپا ہوتا ہے وہاں جب حالات بہتر ہو جاتے ہیں اور ادارے معمول کے مطابق کام کرنے لگتے ہیں تو اس کے بعد عوام کی رائے اور مرضی معلوم کی جاتی ہے لیکن امام خمینی(رح) نے اپنی دوراندیشی کی بدولت اسلامی انقلاب کی کامیابی کے دو مہینے کے اندر ہی لوگوں کو اپنی مرضی کا نظام حکومت منتخب کرنے کے لئے ریفرنڈم میں شرکت کی دعوت دی ۔
انہوں نے دختر رسول اسلام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہزادی کونین کو پوری دنیا کے انسانوں اور خاص طور پر خواتین کے لئے انفرادی اور اجتماعی زندگی میں بہترین نمونہ عمل قرار دیا اور کہا: آج ایران کے بیشتر حکومتی اداروں میں خواتین پوری طرح سرگرم ہیں اور اپنا کردار اچھی طرح ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی اہم بات ہے کہ ہمارے ملک کی خواتین حجاب و پردے میں رہ کراپنی سماجی زندگی بہت ہی اچھی طرح گذار رہی ہیں -