رسا نیوز ایجنسی کی العالم سے رپورٹ کے مطابق، بحرین کی انسانی حقوق کونسل نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران تینتالیس بحرینی باشندوں کی شہریت آل خلیفہ حکومت نے سلب کرلی ہے-
بحرین کی انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ نو سیاسی کیسز میں اٹھاسی باشندوں کو لمبی مدت تک جیل کی سزا، جبکہ دس افراد کو عمر قید اورچھ لاکھ بحرینی دیناربھی ادا کرنے کی سزا سنائی گئی ہے-
بحرین میں حالیہ دنوں میں مخالفین کو سرکوب کرنے ، انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف پابندیوں میں شدت آئی ہے-
واضح رہے کہ بحرین کے عوام فروری دو ہزار گیارہ سے ملک میں سیاسی اصلاحات اور مکمل جمہوری حکومت کے قیام کے لئے پرامن مظاہرے کر رہے ہیں۔ مظاہرین کے خلاف بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں اور سعودی فوج کے تشدد کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔
شاہی حکومت کے خلاف جاری جمہوری تحریک کو دبانے کے لئے سعودی فوج کی حمایت یافتہ بحرینی پولیس نے ملک بھر میں حکومت مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اب تک ہزاروں بحرینی شہریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
بحرین کی نمائشی عدالتوں نے درجنوں سیاسی کارکنوں کو سزائے موت کے علاوہ عمر قید کی سزائیں سنائی ہیں جبکہ سیکڑوں سیاسی کارکنوں کی شہریت بھی منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰