
،
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کیخلاف مثبت سوچ کے حامل اور محب وطن قوتوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا، دشمن ہمیں تقسیم کرکے کمزور کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیئے، ہمیں جہاد افغان پالیسی سے سبق سیکھنا ہوگا، جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سابق آرمی چیف کو متنازعہ فوجی اتحاد کے سربراہی کیلئے بھیجنے کا اعلان قوم کو ایک اور دلدل کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہیں، ذاتی تعلقات پر ملکی مفادات کو داوُ پر لگانے کی قوم اجازت نہیں دے گی، دہشتگردوں کے سرپرست دنیا بھر میں شکست کھا رہے ہیں، آج مسلم امہ کے درمیان اختلافات کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کمزور خارجہ پالیسی موجودہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے، انڈیا کی مسلسل لائن آف کنٹرول پر بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دینا ہوگا، دشمن ہمیں مختلف محاذوں پر مصروف کرکے اقتصادی راہداری کو متاثر کرنے کی کوشش میں ہے، ہمیں اپنے گھر کو بچانا ہے، دنیا جانتی ہے کہ کہ ان سفاک دہشتگردوں کے سرپرست کون ہے، انشااللہ ہم شہدائے پاکستان کے پاکیزہ لہو کو فراموش کرنے نہیں دینگے، ملک و قوم کیخلاف ہونیوالی سازشوں کو انشااللہ بے نقاب کرتے رہیں گے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰