رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پارا چنار بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔
ٹورنٹو سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پارا چنار دھماکہ ملک میں جاری دہشتگردی کا تسلسل ہے، حکمران دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں سنجیدہ نہیں، 3 ماہ کے جھگڑے کے بعد فوجی عدالتوں کو توسیع ملی اور 23 ماہ گزر جانے کے بعد بھی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار دہشتگردی کے بعد ایک بار پھر یہ بات کھل کر سامنے آگئی کہ دہشتگرد ختم نہیں ہوئے بلکہ دائیں بائیں محفوظ پناہ گاہوں میں موجود ہیں اور انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ خون کی ہولی کھیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کمیشن رپورٹ میں ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنیوالے جن وزراء اور افسران کے نام سامنے آئے ان کیخلاف کیا کارروائی ہوئی؟۔
انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گرد حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک سے مسلح دہشت گردی کا کبھی خاتمہ نہیں ہو سکے گا۔ قوم کب تک لاشیں اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے پارہ چنار بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰