12 June 2017 - 23:31
News ID: 428515
فونت
ثروت اعجاز قادری:
کراچی میں اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ غریبوں کیلئے مختص ہونے والا فنڈ کرپشن و اقرباء پروری کی نظر ہو جاتا ہے، حکومت زکواۃ کے نظام کی تقسیم کو درست کرلے تو حقداروں کو ان کا حق ملنے کے ساتھ غربت میں بھی کمی واقع ہوگی۔
محمد ثروت اعجاز قادری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فلاحی ریاست کے تصور کو عملی جامہ پہنانا حکمرانوں کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے، بدقسمتی سے ہمارے حکمران قوم کو یکجا نہیں کر سکے، اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت غریبوں میں امدادی راشن تقسیم کیا جائیگا، راشن کی تقسیم کیلئے کارڈ تقسیم کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار غریبوں، یتیموں و مساکین کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے، پی ایس ٹی کی فلاحی جدوجہد کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے، ہر سال کی طرح امسال بھی ہزاروں افراد میں راشن، کپڑے اور عید گفٹ تقسیم کئے جائیں گے، جبکہ ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی غریبوں میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خواب کے مطابق ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، ہماری جدوجہد کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ اور غریبوں کو ان کے بنیادی حقوق دلانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ انسانیت کی بلا رنگ و نسل و زبان خدمت کرنا عبادت ہے۔ انہوں نے اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی کاوشوں کو سہراتے ہوئے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد دنیاوی غرض و غائیت نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ اور اسکے حبیب (ص) کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت اور مسائل حل کرنے کا نام ہے، مگر بدقسمتی سے غریب عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومتی کوششیں کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو رہی ہیں، غریبوں کیلئے مختص ہونے والا فنڈ کرپشن و اقرباء پروری کی نظر ہو جاتا ہے، حکومت زکواۃ کے نظام کی تقسیم کو درست کرلے تو حقداروں کو ان کا حق ملنے کے ساتھ غربت میں بھی کمی واقع ہوگی، حکمران زکواۃ کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کو شعار بنا کر ہی ہم آگے کی طرف بڑھ سکتے ہیں، پاکستان سنی تحریک ’خدمت سب کیلئے‘ کے سلوگن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ /۹۸۸/ن ۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬