
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی 12ویں حکومت کی نئی کابینہ کے لئے نامزد کئے جانے والے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط اور مزید ناقابل تسخیر بنانا ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔
انہوں نے کہا دفاعی صنعت میں بری، فضائیہ، سمندری اور سائبر شعبوں میں اپنی ایجادات اور کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔
بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ دشمنوں کی عسکری اور دفاعی صنعت میں سرگرمیوں پر کڑی نظر ہے اور اس کے تناظر میں ہم بھی اپنی میزائل اور سمندری قابلیت میں مزید اضافہ کریں گے.
انہوں نے وزارت دفاع کی آئندہ ترجیحات کے حوالے سے بتایا کہ رہبرانقلاب اسلامی کی ہدایت کے مطابق مسلح افواج کی قابلیت میں مزید اضافے کے لئے حکومت کسی اقدام سے دریغ نہیں کرے گی جیسا کہ سابقہ حکومت میں بھی دفاع اور ملکی سلامتی کے لئے تعمیری حکمت عملی اپنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میزائل صلاحیت کو فروغ دینا محکمہ دفاع کے آئندہ چارسالہ لایحہ عمل کی اصل ترجیح ہوگی کیونکہ دشمن ہماری میزائل قابلیت کو کمزور کرنے کے لئے سرتوڑ کوشش اورسازش کررہا ہے مگر ہماری دشمن کے تمام عزائم اور منصوبہ بندی پر کڑی نظرہے اور اس کی تمام سازشوں سے آگاہ ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے صدر روحانی کی نئی کابینہ کے نامزد وزرا کی اہلیت کی جانج پڑتال کے لئے مختلف نشستوں کا انعقاد کیا جارہا ہے اور گزشتہ روز نامزد وزرا کی اہلیت کا جائزہ لینے کیلئے تیسرا اجلاس منعقد ہوا۔