16 August 2017 - 21:38
News ID: 429518
فونت
حجت الاسلام آغا سید حسن موسوی:
انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام سے وعدے کرکے اپنے وعدوں سے مکر جانا بھارت کی تاریخ رہی ہے، تاہم دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے انتہائی بااثر وزیراعظم ہونے کے ناطے کشمیری عوام نریندر مودی کے وعدے کے وفا ہونے کا انتظار کریں گے۔
حجت الاسلام سید حسن موسوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے امام باڑہ میرگنڈ بڈگام میں سالانہ مجلس حسینی کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیر کے اطراف و اکناف کے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجت الاسلام آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سلسلہ امامت کی آٹھویں کڑی حضرت امام علی رضا (ع) کے سیرت و کردار کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے امام (ع) کی گرانقدر خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

حجت الاسلام الموسوی الصفوی نے ھندوستان کے یوم آزادی کے موقعہ پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کشمیری عوام کو گلے لگاکر تنازعہ کشمیر حل کرنے کی بات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اعتماد سازی کے عملی اقدامات کے بغیر کشمیری عوام کا مودی کی باتوں پر بھروسہ کرنا خارج از امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے وعدے کرکے اپنے وعدوں سے مکر جانا بھارت کی تاریخ رہی ہے، تاہم دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے انتہائی بااثر وزیراعظم ہونے کے ناطے کشمیری عوام نریندر مودی کے وعدے کے وفا ہونے کا انتظار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اپنے قول و فعل میں یکسانیت کے ثبوت کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز کے ہاتھوں نہتے شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بند کرنے، مزاحمتی قیادت کے خلاف سیاسی انتقام گیری کی پالیسی ترک کرنے اور جیلوں میں مقید ہزاروں کشمیری محبوسین کی رہائی کے سلسلے میں مثبت سوچ و اپروچ کا مظاہرہ کریں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬