رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے سینکڑوں کارکنوں نے لال چوک سرینگر میں جلوس عاشورا برآمد کیا، تاہم پولیس نے جلوس پر دھاوا بول کر جلوس کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔
انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان کے مطابق تنظیم کے سینکڑوں کارکن انجمن شرعی شیعیان کے سرکردہ رکن غلام محمد ناگو کی رھبری میں شہر سرینگر میں بلا اعلان کرفیو اورناکہ بندیوں کے باوجود گھنٹہ گھر لال چوک کے قریب نمودار ہوئے اور ہاتھوں میں علم اٹھاکر مرثیہ خوانی،نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے جلوس کی صورت میں آگے بڑھنے لگے۔ موقعے پر موجود پولیس کی بھاری جمیعت نےعزاداروں کو منتشر کرنے کے لئے شدید لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
پولیس کارروائی میں انجمن شرعی کے سرکردہ کارکن غلام محمد ناگو، شبیر احمد وانی زوری گنڈ، ریاض احمد ڈار ٹیکی پورہ اور اعجاز احمد ٹیکی پورہ سمیت کئی عزادار زخمی ہوئے اور درجنوں کو گرفتار کرکے تھانہ کوٹھی باغ سرینگر میں قید کرلیاگیا۔
انجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے عزاداروں پر پولیس کے وحشیانہ تشدد کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی اور جلوسوں پر متواتر قدغن کو مداخلت فی الدین کی بدترین مثال قرار دیا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰