رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بیت المقدس کو غاصب اسرائیلی حکومت کا دارالحکومت اعلان کرنے پر مبنی ٹرمپ کے اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مغربی ایشیا اور عالم اسلام میں امریکا کی سیاسی حیات پر آخری ضرب ہے۔
انہوں نے عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کی اختتامی تقریب میں خطاب کے دوران استقامتی محاذ کے ہاتھوں داعش کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ داعش کی نابودی سے عالم اسلام نے مسئلہ فلسطین کو ایک بار پھر مسلمانوں کے سب سے اہم مسئلےمیں تبدیل کردیا ہے۔
ڈاکٹر ولایتی نے پچھلے برسوں کے دوران عالم اسلام اور مغربی ایشیا میں بحران پیدا کرنے اور مذہبی و قومی اختلافات اور نیابتی جنگوں کی آگ بھڑکانے کے لئے انجام دئے جانے والے اقدامات میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان بحرانوں کی جڑیں امریکا کی سامراجی پالیسیوں اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے اقدامات میں تلاش کرنی چاہئیں۔
اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر ولایتی نے علاقے میں بدامنی اور عدم استحکام سے نجات کا واحد راستہ اتحاد اور بھائی چارے کو قراردیا اور کہا کہ عالم اسلام کے سبھی مذہبی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی میدانوں میں اتحاد کو مضبوط اور اس کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ /۹۸۸/ ن ۹۷۸