11 March 2018 - 22:57
News ID: 435317
فونت
سبطین سبزواری:
لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کی تشکیل سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم ہوگی، ایم ایم اے کے حوالے سے مرکز کی طرف سے آنیوالی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی زیرِصدارت لاہور میں منعقد ہونیوالے شیعہ علما کونسل پنجاب کے کابینہ اجلاس میں قرار دیا گیا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور ملکی استحکام کیلئے احتساب ضروری ہے، آئینی اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، نیب اور عدلیہ کے تحرک کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ تحریک جعفریہ پر سے سپریم کورٹ پابندی اٹھا چکی ہے مگر ابھی تک حکومت نے نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا جو کہ توہین عدالت ہے، چیف جسٹس کو اس بات کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔ آئندہ انتخابات میں علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی تشکیل سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم ہوگی، ایم ایم اے کے حوالے سے مرکز کی طرف سے آنیوالی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں تنظیمی امور کو تسلی بخش اور تمام ضلعی انتخابات کو آئینی قرار دیتے ہوئے صوبائی تنظیم کے انتخابات مئی میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کی حتمی تاریخ کا اعلان علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔

اجلاس میں مولانا مو سیٰ رضا جسکانی، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا اشتیاق کاظمی، ایم ایچ نقوی، حاجی اظہر عباس، پروفیسر ذوالفقار حیدر، مرزا تقی علی، فرزند علی چھچھر، مولانا غلام قاسم جعفری، جعفر نقوی، شہباز نقوی، بابر نقوی، ڈاکٹر ممتاز حسین، عامر علی بھٹی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں میڈیکل کالجوں میں فیسوں کے اضافے پر سپریم کورٹ کی طرف سے نوٹس کا خیر مقدم کرتے ہوئے یکساں نظام تعلیم اور سستی تعلیم کے اجرا کا مطالبہ کیا گیا۔ اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بچیوں کیساتھ زیادتی کے رپورٹ ہونیوالے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو کہ معاشرتی تباہی اور بے راہروی کا اظہار ہے۔ اجلاس میں مہنگائی خصوصا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے دعووں کو جھوٹ قرار دیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 23 ویں برسی کے اور سابق صوبائی صدر علامہ سید عبدالجلیل نقوی کی رحلت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم نے بہت مشکل حالات میں علامہ ساجد نقوی کا ساتھ دیا اور تنظیمی امور کو پنجاب میں جاری رکھا۔ دونوں رہنماوں کی تنظیمی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ڈویژنل جنرل سیکرٹری راولپنڈی سید جعفر نقوی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور شہداء و مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬