25 April 2018 - 12:01
News ID: 435691
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران و پاکستان دو مسلمان اور دوست ممالک کی حیثیت سے باہمی روابط اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کمانڈر جنرل سید عبد الرحیم موسوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر عبدالرحیم موسوی نے تہران میں پاکستانی بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر علاقائی امن و سلامتی کی برقراری میں دونوں ملکوں کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے واقعات اور توانائی کی حمل و نقل اس علاقے میں ہوتی ہیں اس لئے بحرھند کا علاقہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔

ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے دنیا کی سکیورٹی اور سلامتی کو اس علاقے سے وابستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف اور صرف اس علاقے کے ممالک ہی اس اہم اور اسٹرٹیجک علاقے کی  سکیورٹی کو برقرار رکھ سکتے ہیں اور اغیار کی اس علاقے میں موجودگی بد امنی کا باعث بن سکتی ہے۔

عبدالرحیم موسوی نے بحرھند کے علاقے میں امن و امان کی بر قراری میں باہمی تعاون کیلئے ایران کی آمادگی کا اعلان بھی کیا۔

پاکستانی بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی نے اس ملاقات میں ایران کے دورے اور بحر ھند کی بحریہ کے کمانڈروں کے اجلاس میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اہم علاقائی ملک ہے اور وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ بحر ہند نیول سمپوزیم کا چھٹا اجلاس 23 اور 24 اپریل کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوا جس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے 35 فوجی وفود نے شرکت کی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬